کس منزل پر کیا فیصلہ کریں؟ کچھ اہم باتیں
رحم اور اشتعال
طیش اور طاقت کے مرکب کو بروقت عقل کی صراحی میسر نہ آئے تو ہر طرف تباہی مچا دیتا ہے۔اپنے غیظ و غضب سے دوسروں کو فنا کر دینے والے!!!اگر اس کی رحمت اس کے غضب پر غالب نہ ہوتی تو تُو خود کب کا فنا ہو چکا ہوتاپس اپنے رحم کو اپنے اشتعال پر حاوی رکھا کرکہ لوگ تیری طاقت سے ڈرتے ہیں لیکن تیرے رحم سے پیار کریں گے
ستاری
مزے لے لے کر اوروں کے عیب سرِ محفل اچھال کر داد و تحسین پانے والے!!!
ذرا اپنے کریہہ ماضی کو تو ٹٹول لے، اپنے مستقبل کے غلط ارادوں پر تو اک نگاہ ڈال لے، اپنے دل میں پلنے والی غلیظ خواہشات کا تو ایک لمحہ کے لیے تصور کر۔ پھر بھی اگر تو معزز ہوکر معاشرے میں چلتا پھرتا ہے تو یہ ستاری کی اس چادر کا صدقہ ہے جو قدرت نے تجھ پر ڈال رکھی ہے ورنہ شاید لوگ تجھ پر تھوکنا بھی گوارا نہ کرتے۔
پس اپنے جیسوں کے عیب چھپایا کر کہ قدرت کی ڈالی ہوئی چادروں میں چھید کرنا ہمیشہ مہنگا پڑتا ہے۔