سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کی جانب سے 5 نئے آئی فونز متعارف کرائے جانے کا امکان

آج تک ایپل نے کبھی اتنے زیادہ فون ایک سال میں متعارف نہیں کرائے مگر لگتا ہے کہ 2019 مختلف سال ثابت ہوگا۔

ایپل کے نئے آئی فونز متعارف ہونے میں ابھی کئی ماہ باقی ہیں مگر ایس ایکس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر کے اپ ڈیٹ ورژن کے حوالے سے مختلف لیکس سامنے آرہی ہیں۔

درحقیقت اس سال ایپل کی جانب سے دیزائن کے حوالے سے کوئی نمایاں اضافہ نہیں کیا جارہا مگر یہ کمپنی اپنی تاریخ میں پہلی بار 2019 میں 5 نئے آئی فونز ایک ساتھ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

جاپانی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ماکوٹکارا نے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا کہ آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر کے اپ ڈیٹ ماڈلز کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے 2 نئے او ایل ای ڈی آئی فونز ماڈلز پر کام کیا جارہا ہے جن میں بیک پر 3 کیمرے دیئے جائیں گے۔

ان میں سے ایک 6.1 انچ جبکہ دوسرا 6.5 انچ او ایل ای ڈی اسکرین سے لیس ہوگا۔

اس رپورٹ میں چین میں موجود ایپل سپلائی چین کے ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان دونوں کے کیمروں میں پہلے سے بڑے لینسز اور سنسرز دیئے جائیں گے۔

یہ دونوں فونز دیگر ماڈلز سے کچھ موٹے ہوں گے جبکہ پہلی بار ان میں ایپل کی جانب سے یو ایس بی سی کنکٹر چارجنگ کے لیے دیا جائے گا یعنی پہلے سے فاسٹ چارجنگ اور ریورس وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی موجود ہوگا۔

آئی فون ایکس، آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس آر کے اپ ڈیٹ ورژن کا ڈیزائن تو گزشتہ سال کا ہوگا مگر ہارڈ وئیر کو بہتر بنایا جائے گا۔

اگر ایپل واقعی 5 آئی فونز متعارف کراتی ہے تو صارفین کے لیے کافی مشکل ہوجائے گی تاہم یہ کمپنی اس وقت آئی پیڈ میں 5 ماڈلز کی پیشکش کررہی ہے۔