گانے میں مرد کے ڈانس کو ‘آئٹم سانگ‘ کیوں نہیں مانا جاتا، حریم فاروق
اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ جب خواتین کسی فلم میں گانے پر ڈانس کرتی ہے تو ان کی پرفارمنس کو ’آئٹم سانگ‘ کہا جاتا ہے جب کہ کوئی مرد اس طرح کی پرفارمنس کرتا ہے تو اسے ’آئٹم سانگ‘ نہیں کہا جاتا۔
’زیبسٹ‘ میں ہونے والے میڈیا فیسٹیول کے ایک ایونٹ میں پینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے حریم فاروق نے تقریب میں بیٹھے افراد سے سوال کیا کہ جب کسی گانے میں کوئی مرد اداکار سولو (اکیلے) ڈانس کرے، تو کیا اسے بھی ’آئٹم سانگ‘ کہا جانا چاہیے؟
اداکارہ کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر کوئی بھی جواب سامنے نہیں آیا، تاہم حریم فاروق کے ساتھ پینل میں بیٹھے اداکارعثمان خالد بٹ نے کہا کہ یقینا مرد اداکار کے ایسے ڈانس کو بھی ’آئٹم سانگ‘ ہی کہا جائے گا۔
عثمان خالد بٹ کے جواب پر حریم فاروق کا کہنا تھا کہ یہ صرف آپ کہہ رہے ہیں باقی کوئی بھی مرد کے سولو ڈانس کو ’آئٹم سانگ‘ نہیں سمجھ رہا اور درحقیقت یہی بڑا مسئلہ ہے۔