روانڈا میں بدترین نسل کشی کے 25 برس مکمل
یادگاری تقریب میں شمع جلا کر 100 روزہ سالانہ سوگ کا آغاز کیا گیا، جو یہاں وہ اب کبھی دوبارہ نہیں ہوگا،صدر پال کگامے
افریقی ملک روانڈا میں نسل کشی کے 25 برس مکمل ہونے پر خصوصی یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا اور متاثرین کی یاد میں 100 روزہ سوگ کا آغاز کیا گیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق روانڈا کے صدر پال کگامے نے یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم دوبارہ ایک خاندان بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سے 25 برس قبل نسل کشی میں 8 لاکھ سے زائد افراد کو قتل کیا گیا تھا۔
صدر پال کگامے نے کگالی جینوسائڈ میموریل میں یادگاری شمع جلائی جہاں ڈھائی لاکھ سے زیادہ متاثرین دفن ہیں جن میں سے اکثر کا تعلق توتسی اقلیت سے تھا۔
انہوں نے شمع جلا کر سالانہ 100 روزہ سوگ کا آغاز کیا کیونکہ روانڈا کی تاریخ کی بدترین نسل کشی اتنے روز جاری رہی تھی۔