چین کا صوبہ ہینان 10 سالوں میں غیر مقبول سے مقبول ترین کیسے بن گیا؟
چین کا صوبہ ہینان سیاحوں کی جنت سے کم نہیں
ہینان چین کا جنوبی صوبہ اور سب سے بڑا سیاحتی مقام ہے۔ 10 سال پہلے تک چین کے دیگر علاقوں میں بسنے والے لوگ بھی اس خطے کی خوبصورتی سے کم ہی واقف تھے لیکن اب یہ صوبہ نہ صرف چین بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں کی منزل بن چکا ہے۔
چین کا صوبہ ہینان 10 سالوں میں غیر مقبول سے مقبول ترین کیسے بن گیا؟ سیاحوں کی جنت سے کم نہیں
بیجنگ سے 2 ہزار 280 کلومیٹر دُور اس پُرفضا مقام تک پہنچنے کے لیے 4 گھنٹے کا ہوائی سفر کرنا پڑتا ہے لیکن جیسے ہی آپ ہینان کی حدود میں داخل ہوتے ہیں تو جہاز کی کھڑکی سے نیچے جابجا بکھرے نظارے آپ کو تازگی کا احساس بخشتے ہیں اور پھر جب جہاز سے باہر آنے کے ساتھ ہی ٹھنڈی ہوائیں آپ کا استقبال کرتی ہیں تو سفر کی ساری تھکن دُور ہوجاتی۔
ہمارا پہلا پڑاؤ سنیاں شہر تھا جو 14 ملکوں اور خطوں کو ملانے والے 30 مختلف ہوائی روٹس سے جڑا ہے۔ 7 لاکھ 65 ہزار آبادی اور 258 کلومیٹر ساحلی پٹی کے ساتھ سنیاں لگ بھگ 2 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔
یہاں ہر روز 7 گھنٹے مطلع صاف رہتا ہے اور اوسط درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ سیاحت کے لیے مشہور ملکوں کے شہریوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے یہاں 59 ملکوں کے لیے آن آرائیول ویزہ کی سہولت دی گئی ہے، تاہم اس فہرست میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔