ایکشن ہیرو ون ڈیزل شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کا حصہ
ہولی وڈ کے ایکشن ہیرو ون ڈیزل شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم ’اوتار‘ کے سیکوئل میں جلوے دکھاتے نظر آئیں گے۔
فاسٹ اینڈ فیورس جیسی کامیاب فلموں میں شاندار اداکاری دکھانے والے ون ڈیزل نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ’اوتار‘ کے سیکوئل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
’اوتار‘ کے سیکوئل پر گزشتہ برس سے کام جاری ہے اور اسے آئندہ برس دسمبر تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
ون ڈیزل نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ’اوتار‘ کے سیکوئل میں کام کرنے کا معاہدہ کرلیا۔ویڈیو میں وہ فلم ساز جیمز کیمرون کے ساتھ انتہائی خوش دکھائی دیے۔
ون ڈیزل کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ جیمز کیمرون وہ واحد فلم ساز ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرنا چاہتے ہیں اور ان سے سیکھنا چاہتے ہیں۔
ویڈیو میں جیمز کیمرون نے بھی ون ڈیزل کی تعریف کی، تاہم دونوں نے ویڈیو میں یہ نہیں بتایا کہ ‘اوتار‘ کے سیکوئل میں ایکشن ہیرو کا کردار کون سا ہوگا؟
خیال رہے کہ جیمز کیمرون کی شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم ’اوتار‘ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور اب اس کی دوسری فلم پر کام جاری ہے جسے دسمبر 2020 تک ریلیز کیا جائے گا۔
جیمز کیمرون نے اپریل 2018 میں ’اوتار‘ کے سیکوئل بنانے اور اسے ٹرائلوجی کی طرح بنانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’اوتار‘ کی نئی سیریز بنے گی
جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ’اوتار‘ کو ٹرائلوجی کی طرح بنایا جائے گا، جس کے لیے ہر ٹرائلوجی میں 3 سے 4 فلمیں ہوں گی۔