بھارت میں معروف موبائل گیم ’پب جی‘ پر پابندی کا مطالبہ
جنوبی بھارت میں معروف موبائل گیم کھیلنے پر ماں کی ڈانٹ سے بچے کی خودکشی کے واقعے کے بعد قومی سطح پر اس گیم کی پابندی کے مطالبہ زور پکڑنے لگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حیدر آباد میں 16 سالہ بچے نے انگریزی کے امتحان کی تیاری کے بجائے آن لائن گیم کھیلنے پر والدین کی جانب سے سرزنش کیے جانے پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی۔
اس واقعے کے بعد بچے کے والد نے (Player Unknown’s Battle Grounds) ’پب جی‘ کے نام سے مشہور گیم پر پابندی کا مطالبہ کیا۔
پابندی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ گیم خطرناک حد تک آپ کا دھیان اپنی جانب مبذول کرکے رکھتا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ کے مہینے میں ریاست مہاراشترا میں 2 نوجوان ریل کی پٹڑیوں کے قریب اپنے فون میں گیم کھیلنے میں مگن تھے کہ ایک ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے تھے۔