وزیر خارجہ کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال
امریکی سیکریٹری اسٹیٹ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جہاں حالیہ مذاکرات کے دوران ہونے والی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیر خارجہ کو امریکا اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے نتائج کےحوالے سے آگاہ کیا اور افغانستان میں اپنی اہم ملاقاتوں کا احوال گوش گزار کیا۔
اس کے ساتھ دونوں عہدیداروں کے درمیان ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل کے دوران ہونے والی پیش رفت سمیت، باہمی دلچسپی کے اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.
یہ بھی پڑھیں: امریکا، افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کا معترف
اس بارے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مفاہمتی عمل میں ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔