لائف اسٹائل

دنیا میں تہلکہ مچانے والی ’کیپٹن مارول‘ پاکستان میں ریلیز

ریکارڈ کمائی کرنے والی خاتون سپر ہیرو فلم کو گزشتہ ماہ خواتین کے عالمی دن پر دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیز کی گئی خاتون سپر ہیرو فلم ’کیپٹن مارول‘ نے دنیا بھر میں تہلکہ مچایا تھا۔

فلم نے کئی دہائیوں سے باکس آفس پر مرد سپر ہیرو فلموں کے راج کو ختم کرتے ہوئے ابتدائی تین دن میں ہی ریکارڈ کمائی کی تھی۔

’کیپٹن مارول‘ کو دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف دنوں پر ریلیز کیا گیا تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو پاکستان میں بھی خواتین کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم فلم کو گزشتہ ماہ ریلیز نہیں کیا گیا تھا، جس وجہ سے کئی فلمی شائقین مایوس بھی دکھائی دیے تھے۔

لیکن اب سپر ہیرو فلموں کے شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ ’کیپٹن مارول‘ کو پاکستان بھر میں ریلیز کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون سپر ہیرو فلم نے تاریخ رقم کردی

’کیپٹن مارول‘ کو پاکستان بھر میں 5 اپریل سے ریلیز کیا گیا، تاہم اس کے ٹکٹ کی بکنگ ایک دن قبل ہی شروع کردی گئی تھی۔

بری لارسن کی اداکاری کو سراہا گیا—اسکرین شاٹ

پاکستان کے معروف سینما گھروں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شائقین کو ایک دن قبل ہی ’کیپٹن مارول‘ کو ریلیز کرنے کی خوشخبری سنائی تھی۔

فلم کی کہانی بری لارسن یعنی کیپٹن مارول کی غیر معمولی صلاحیتوں کے گرد گھومتی ہے، وہ اگرچہ ایئر فورس کی پائلٹ بنتی ہیں، تاہم جلد ہی اسے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ عام خاتون پائلٹ سے بڑھ کر ہیں۔

بری لارسن دشمنوں کو مزہ چکھاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

فلم میں 1990 کا زمانا دکھایا ہے۔

مزید پڑھیں: ’کیپٹن مارول‘ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ہدایت کارہ بھی خاتون ہیں، تاہم مرد ہدایت کار بھی فلم کے شریک ہدایت کار ہیں۔ فلم کی ہدایات اینا بوڈن اور ریان فلیک نے دی ہیں۔

بری لارسن کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سیموئل ایل جیکسن، بیل مینڈل سوہن، لی پیس اور کلارک گریگ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔