امریکی رپورٹ کے مطابق ’دونوں جوہری ممالک کے درمیان فروری میں ہونے والی ایک فضائی جھڑپ کے بارے میں بھارت کا یہ دعویٰ کہ اس کے جنگی پائلٹ نے پاکستان لڑاکا طیارے ایف-16 کو مار گرایا غلط ثابت ہوا‘۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس صورتحال کے حوالے سے باخبر امریکی عہدیداروں نے ’فارن پالیسی‘ کو بتایا کہ ’حال ہی میں امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے تمام ایف-16 طیاروں کی گنتی کی جس میں معلوم ہوا کہ تمام طیارے موجود ہیں‘۔
امریکی حکام کی اس معلومات سے بھارتی فضائی حکام کے اس دعوے کی تردید ہوگئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کے طیارے نے پاکستانی میزائل کا نشانہ بننے سے قبل پاکستان کے ایف-16 طیارے کو مار گرایا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایسا ممکن ہے کہ جھڑپ کے دوران بھارتی طیارے مگ-21 میں سوار ابھی نندن نے پاکستانی ایف-16 پر ہدف لاک کیا ہو اور اس بات کا یقین کرلیا ہو کہ اس نے حقیقت میں ایف -16 کو نشانہ بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا ایف 16 کے معاملے پر ’موقف‘ اختیار کرنے سے گریز
تاہم امریکی حکام نے پاکستانی سرزمین پر جا کر گنتی کی جس کے نتیجے میں اس جھڑپ سے متعلق بھارتی موقف غلط ثابت ہوا، اور یہ بات سامنے آئی کہ بھارت نے اس دن کے واقعے کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
اس بارے میں سینئر امریکی دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ ایف-16 طیاروں کی خریداری کے لیے ہونے والے دفاعی معاہدے کے تحت امریکا کو طیاروں کی گنتی کے لیے مدعو کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ عموماً اس طرح کے معاہدوں میں امریکا کی جانب سے دوسرے فریق سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ آلات کی فراہمی کے مقصد اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے امریکی عہدیداروں کو اس کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی 'جوابی کارروائی' میں جے ایف-17طیارہ استعمال ہوا، رپورٹ
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے سبب اس وقت کچھ طیارے فوری طور پر دستیاب نہیں تھے اس لیے امریکی اہلکاروں کو طیاروں کی گنتی میں کئی ہفتے لگے لیکن اب گنتی مکمل ہوگئی ہے اور تمام طیارے موجود ہیں۔
معاہدے میں استعمال کی کوئی شرط نہیں جریدے کے مطابق پاکستان کے فضائی جھڑپ کے بعد بھارت نے امریکی حکومت نے اس بات کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی تھی کہ آیا پاکستان نے بھارت کے خلاف ایف-16 کا استعمال کرتے ہوئے دفاعی خریداری کے معاہدے کے خلاف ورزی کی ہے۔
تاہم امریکی دفاعی عہدیدار نے اس حوالے سے کہا کہ ’دفاعی معاہدے میں ایف-16 کے استعمال کو محدود کرنے کی کوئی شرط موجود نہیں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہماری ناقابلِ یقیین خام خیالی ہوگی کہ ہم پاکستان کو کسی قسم کے آلات فروخت کریں اور وہ اسے جنگ میں استعمال کرنے کا ارادہ نہ رکھیں‘۔
فروری میں کیا ہوا؟ واضح رہے کہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج کے قافلے پر حملے میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے پاکستان پر عائد کیا تھا۔
پاکستان نے اس حملے کو بھارت کے اندرونی عناصر کی کارروائی قرار دے کر بھارتی الزام مسترد کردیا تھا لیکن بھارت نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے صورتحال کی سنگینی میں اضافہ کردیا۔
بھارت کی دراندازی بھارت نے پاکستان میں فضائی کارروائی کر کے جیش محمد کے سب سے بڑے تربیتی مرکز پر حملہ اور متعدد مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا۔