پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے، اگر اس کی کوشش بھی کی گئی تو لات مار کر حکومت گرا دیں گے۔
سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں منعقدہ پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا آج چالیسواں سال ہے، آج کے دن آئین پاکستان کے خالق کا قتل ہوا، آج کے دن پاکستان کے محروم طبقات کی امیدوں کا قتل ہوا۔‘
انہوں نے سوال کیا کہ ’بھٹو کا خون آج بھی انصاف کاطلب گار ہے، کروڑوں لوگوں کے محافظ کو کیوں قتل کیا گیا؟‘۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ذوالفقار علی بھٹو کی مہربانی سے آج ہم دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہیں، کیا وہ غدار تھا جس نے آئین توڑا یا وہ غدار تھا جس نے آئین دیا‘۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’وزیر اعظم میرے گھوٹکی میں آکر کہتے ہیں کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم ہونا چاہیے، اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کرو میں ایک لات مار کر آپ کی حکومت گرا دوں گا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں سندھ کی ضرورت نہیں، حقیقت میں انہیں سندھ نہیں سندھ کے وسائل کی ضرورت ہے‘۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ’وزیر اعظم، سندھ کے 120 ارب روپے پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں، یہ عوام کے پیسے ہیں جس پر انہوں نے ڈاکہ ڈالا ہے، ان پیسوں سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکتا تھا، اسکول تعمیر ہوسکتے تھے، ہسپتال بن سکتے تھے‘۔
چیئرمیں پیپلز پارٹی نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ’وفاقی وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ ان کی معاشی پالیسی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکلیں گی، یہ وزیر ہے یا قاتل‘۔