پاکستانی ڈرامے جون سے سعودی عرب میں نشر ہوں گے
یوں تو پاکستانی ڈرامے امریکا، برطانیہ، کینیڈا، بھارت اور یورپ کے چند ممالک سمیت خلیجی ممالک میں بھی دیکھے جاتے ہیں۔
تاہم اب پہلی بار سعودی عرب میں پاکستانی ڈراموں کو وہاں کے ٹیلی وژن پر عربی زبان میں پیش کیا جائے گا۔
پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں نشر کیے جانے کے حوالے سے گزشتہ ماہ 29 مارچ کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پاکستانی ڈراموں کو نشر کیے جانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔
سعودی عرب کے دورے کے دوران ریاض میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی عرب کو پاکستانی ڈراموں کی فراہمی کی پیش کش کی ہے اور جلد ہی پاکستانی ڈراموں کو عرب زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کو فراہم کردیے جائیں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سعودی ایئرلائن سے درخواست کی ہے کہ وہ عربی میں ڈب کی گئی پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو بھی اپنی پروازوں کے دوران دکھائے۔
تاہم فواد چوہدری نے یہ نہیں بتایا تھا کہ پاکستانی ڈرامے کب تک سعودی عرب میں نشر کیے جاسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر ہوں گے
لیکن اب پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رواں برس جون سے پاکستانی ڈرامے سعودی عرب میں نشر کیے جائیں گے۔