لیڈی گاگا اور آریانا گرانڈے کے گانے’تشدد پر اکسانے‘ کی فہرست میں شامل
امریکی پاپ گلوکارہ 33 سالہ لیڈی گاگا ویسے تو شہرت میں کسی سے کم نہیں، وہ جہاں متنازع لباس پہن کر گانوں میں پرفارمنس کرتی نظر آتی ہیں۔
وہیں لیڈی گاگا پر یہ الزام بھی عائد کیا جاتا ہے کہ وہ تشدد پر اکسانے والے مناظر کو بھی میوزک کنسرٹ اور ویڈیوز کے ذریعے پیش کرتی ہیں۔
اسی طرح امریکی پاپ گلوکارہ 25 سالہ آریانا گرانڈے پر بھی یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ان کی شاعری اور گیتوں سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
ان پر بھی یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ بھی اپنے گیتوں کے ذریعے لوگوں کو تشدد پر اکساتی ہیں۔
اور اسی وجہ سے ہی دونوں گلوکاراؤں کی ایسی متنازع اور لوگوں کے جذبات مجروح کرنے والی شاعری پر مبنی گیتوں کو سنگاپور حکومت نے ’جارحانہ یا تشدد پر اکسانے‘ والے گانوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سنگاپور کی وزارت داخلہ نے لیڈی گاگا اور آریانا گرانڈے سمیت دیگر گلوکاروں کے گانوں کو ’تشدد پر اکسانے‘ اور لوگوں کے جذبات مجروح کرنے والے گیتوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے رکن پارلیمنٹ اور اپوزیشن کے رہنما نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا کہ حکومت نے لیڈی گاگا اور آریانا گرانڈے سمیت دیگر گلوکاروں کے گانوں کو ’تشدد پر اکسانے‘ والے گانوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق تشدد پر اکسانے یا لوگوں کے جذبات کو مجروح کرنے والے گانوں کی فہرست وزیر داخلہ و انصاف نے یکم اپریل کو پارلیمنٹ میں پیش کی تھی۔