امریکی پابندیوں سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں متاثر ہوئیں،ایران
ایرانی ہلال احمر کے غیر ملکی اکاؤنٹس منجمد ہونے کی وجہ سے بیرونی امداد کی فراہمی بھی بند ہے، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ برس عائد اقتصادی پابندیوں کے باعث ملک میں تباہی پھیلانے والے سیلاب سے نمٹنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا کہ 'ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی سے ایرانی ہلال احمر کے لیے متاثرہ علاقوں اور خاندانوں کے لیے امداد فراہم کرنے میں شدید مشکلات ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں سیلاب سے وسیع پیمانے پر تباہی
انہوں نے کہا کہ ’ان حالات میں تہران کو درکار انتہائی اہمیت کا حامل سامان جس میں ریلیف ہیلی کاپٹر بھی شامل ہے، کی فراہمی روک دی گئی‘۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’یہ صرف اقتصادی جنگ نہیں بلکہ اقتصادی دہشت گردی ہے‘۔