کراچی سے دُور جانا اور نئے کھیل کے بارے میں جاننا اچھا لگا
کراچی سے دُور جانا اور نئے کھیل کے بارے میں جاننا اچھا لگا
تحریر / تصاویر : فہیم پٹیل
شہر اور خصوصاً کراچی میں مشکل ترین زندگی گزارنے کی وجہ سے، جب بھی کہیں بھی یہاں سے باہر نکلنے کا موقع میسر آتا ہے، تو بغیر تاخیر کیے نکل جاتا ہوں، کیونکہ ایسے نکل جانے میں کچھ دن کا آرام بھی میسر آتا ہے، اور زندگی کے بارے میں منفی خیالات بھی کم ہوجاتے ہیں، کیونکہ یہاں سے باہر نکلنے کے بعد معلوم چلتا ہے، نہ تو زندگی اتنی مشکل ہے اور نہ یہ دنیا اتنی بُری ہے۔
یہ کوئی 23 یا 24 مارچ کی بات ہے، جب مجھے ایک دوست کا فون آیا ہے اور کہا کہ بیگ پیک کرو، ہمیں 2 دن بعد خانیوال جانا ہے، وہاں نیزہ بازی کے مقابلے ہورہے ہیں اور پاکستان عالمی ریکارڈ بنانے جارہا ہے، تو اس کی کوریج کرنی ہے۔
پہلے تو عالمی ریکارڈ کا سن کر حیرانی ہوئی، اور پکا یقین ہوگیا کہ یہ جھوٹ بولا جارہا ہے، کیونکہ اتنا بڑا کام ہونے والا ہے، لیکن مجال ہے کہ کہیں ایسی کوئی خبر سنی ہو، لیکن اس کے باوجود چونکہ شہر سے باہر نکلنے کا موقع تھا، اس لیے کچھ پوچھے بغیر کہا، ’یس باس‘۔
یہ نیزہ بازی کے مقابلے کیا ہوتے ہیں؟ اس میں ہوتا کیا ہے؟ یہ کھیلے کس طرح جاتے ہیں؟ کون سی ٹیمیں اس میں شرکت کرتی ہیں؟ کتنے گول اور کتنے رنز بنتے ہیں؟ ان میں سے کسی بھی سوال کا جواب میرے پاس نہیں تھا۔ سچ پوچھیے تو مجھے تو یہ بھی لگ رہا تھا کہ اس کھیل کی کوریج بھی نہیں ہونی چاہیے۔
لیکن منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد میں بہت حد تک غلط ثابت ہوا۔ وہاں پہنچنے کے بعد مجھ پر کیا کیا راز کھلے، آئیے میں آپ کو بھی بتاتا ہوں۔