ایک سے 3 سال کے بچوں کے والدین کہاں کہاں غلطی کرجاتے ہیں؟
کیا آپ ایک سے 3 برس کی عمر کے بچے کے والدین ہیں؟ اگر ہاں تو ہمیں اچھی طرح اندازہ ہے کہ آپ کو اس عمر کے بچوں کا خیال رکھنے میں اکثر دشواریوں سے بھی گزرنا پڑتا ہوگا۔ چونکہ بچے آپ کو دنیا میں سب سے پیارے ہوتے ہیں، اس لیے ان کے پیار میں آپ کہیں کہیں غلطیاں بھی کر رہے ہیں جن کا شاید آپ کو اندازہ بھی نہ ہو۔
ہار مان جانا
اگر آپ کا بچہ ہر چیز پر ضد کرنے لگتا ہے یا شور مچا کر اپنی بات منوانا چاہتا ہے تو اکثر والدین اس کا حل اس کے آگے ہتھیار ڈالنا سمجھتے ہیں۔ دراصل اس عمر کا بچہ یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ وہ کس حد تک جاسکتا ہے لہٰذا اس مرحلے پر آپ کا کام ہے کہ انہیں حد سے زیادہ بڑھنے نہ دیجیے۔ آپ ان کی کہیں کہیں معصومانہ ضد کو اپنی ’نہیں‘ سے رد کریں، اس طرح آپ کے لیے ان کی محبت بالکل بھی کم نہیں ہوگی۔ آپ کو اپنے بچے کی تربیت اس طرح کرنی ہے کہ وہ صرف آپ کی ہی ’نہیں‘ بلکہ دیگر افراد مثلاً اساتذہ کی بھی عزت اور ان کا احترام کریں۔
بچے کے لیے سب کچھ کرنا
ہم جانتے ہیں کہ اس عمر کے بچوں کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے لیکن اگر بچوں سے کوئی کام نہیں کروائیں گے تو یہ ان کے لیے آگے جا کر دشواریوں پیدا کرسکتا ہے۔
اگر آپ اپنے بچے میں خود اعتمادی اور کامیابی کے احساسات کو بیدار کرنا چاہتے ہیں تو انہیں چھوٹے چھوٹے کام کرنے دیجیے۔
اگر آپ انہیں شرٹ کے بٹن دبا کر بند کرنے دیتے ہیں یا جب آپ انہیں پینے کی کوئی چیز دے رہے ہوں تو انہیں کپ پکڑنے دیتے ہیں تو بھی ان میں اپنا کام خود کرنے کی صلاحیت کے احساسات پیدا ہوں گے اور آگے جا کر آپ کے بچہ زیادہ خود انحصار بنے گا۔