سعودی وفد ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان آئے گا
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا 14 رکنی وفد روڈ کو مکہ منصوبے کے تحت حاجیوں کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پیر (یکم اپریل) کو اسلام آباد پہنچے گا۔
اس وفد کی قیادت سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) امیگریشن کریں گے اور وہ ایئرپورٹس پر انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے۔
مزید پڑھیں: عازمین حج کو جعلی فارمز فروخت کیے جانے کا انکشاف
حاجیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے اٹھائے گئے اس اقدام ’روڈ ٹو مکہ‘ منصوبے کے تحت تمام امیگریشن ضروریات اسی ملک کے ایئرپورٹ پر مکمل کرلی جائیں گی، اس منصوبے میں انڈونیشیا اور ملائیشیا جیسے دیگر مسلمان ممالک بھی شامل ہیں۔
پاکستان آنے والے سعودی وفد کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اینٹی نارکاٹکس فورس اور وزارت داخلہ و خارجہ کے حکام کی جانب سے بریف کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کے لیے روانگی سے قبل پاکستان میں ایئرپورٹس پر کسٹمز اور امیگریشن کے عمل سے گزر جائیں گے اور انہیں سعودی عرب میں 10 سے 12 گھنٹے اس عمل کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی شروع
اس کے علاوہ یہ وفد کراچی، لاہور، پشاور اور اسلام آباد میں ایئرپورٹس پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لے گا، جہاں امکان ہے کہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ان چاروں ایئرپورٹس کو منصوبے میں شامل کرنے سے عازمین حج کو سہولت ملے گی۔واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور روڈ ٹو مکہ منصوبے کا اعلان اور اس میں کراچی ایئرپورٹ کا انتخاب پہلے ہی کرچکی ہے۔