پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات 11 روپے 91 پیسے تک مہنگی کرنے کی تجویز

اوگرا نے پیٹرولیم ڈویژن کو سمری ارسال کردی، پیٹرول 11 روپے 91 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے 17 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش
|

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے 91 پیسے فی لیٹر تک اضافی کی تجویز پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی۔

پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی گئی سمری کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6روپے 65 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرول ڈھائی روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے مہنگا

اوگرا کی جانب سے آئندہ ماہ کے لیے لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 6 روپے 49 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے جبکہ 31 مارچ کو وزارت خزانہ آئندہ ماہ کے لیے ان قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

خیال رہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی سمری اگر منظور ہوجاتی ہے تو ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت11 روپے 17 پیسے اضافے سے 111 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 122 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

اسی طرح پیٹرول کی قیمت 11 روپے 91 پیسے کے بعد 92 روپے 89 پیسے سے بڑھ کر 104 روپے 80 پیسے ہوجائے گی۔

اوگرا کی جانب سے ارسال سمری کے مطابق اگر اس اضافے کو منظور کرلیا جائے تو کیروسین آئل یعنی مٹی کا تیل 6 روپے65 پیسے اضافے کے بعد 86 روپے 31 پیسے سے بڑھ کر 92 روپے 96 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

ساتھ ہی لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی 6 روپے 49 پیسے اضافےکے بعد 77 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 84 روپے 3 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 75 پیسے اضافہ کیا تھا۔

اس سے قبل فروی کے لیے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔