وزیر اعظم عمران خان نے دورہ بلوچستان کے دوران نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
گوادر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیروں کے لیے پُل اور جیٹیاں بنائےجائیں گی تاکہ انہیں مچھلی پکڑنے میں رکاوٹ میں پیش نہ آئے۔
واضح رہے کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منصوبے کا آغاز سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے 19 اگست 2005 کو کیا تھا۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعمیر وترقی وہیں ہوتی ہے جہاں مقامی لوگوں کوفائدہ ہو، مقامی افراد کی زندگی تبدیل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں ترقی ہوئی جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ نہیں ہوا، سوئی گیس جہاں سے دریافت ہوئی لیکن مقامی افراد کی زندگیاں نہیں بدلیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ایسا نہیں ہوگا بلکہ جس علاقے سے جو معدنیات دریافت ہوگی یا کوئی ترقی ہوگی تو سب سے پہلے مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ گوادر میں چین کے اشتراک سے ہسپتال میں ترقیاتی کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہاں کے مقامی افراد کو اپنے فن میں اضافے کے مواقع دیے جائیں گے تاکہ وہ بہتر ملازمت حاصل کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گوادر میں رہنے والوں کو صحت انصاف کارڈ دیں گے جس میں ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی ہیلتھ انشورنس ملے گی تاکہ وہ کسی بھی ہسپتال میں اپنا علاج کرواسکیں۔
عمران خان نے کہا کہ مغربی کوسٹ لائن کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورٹ اتھارٹی نے گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت اس علاقے میں 10 لاکھ درخت اگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی گوادر پورٹ اتھارٹی پانی کی ری سائیکلنگ کے لیے پلانٹ بھی لگائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر سے کوئٹہ کے لیے خصوصی ٹرین چلائی جائے گی، دنیا بھر میں ریلوے بڑھ رہی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں کم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹیکنالوجی میں چین سب سے زیادہ آگے ہے، اگر آپ کراچی سے لاہور سفر کے لیے چین کی ٹرین میں سوار ہوں تو آپ 4 گھنٹے میں پہنچ جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ گوادر کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی ترقی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں چین کے دورے میں ٹرین ٹیکنالوجی، زراعت اور فشریز میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی سے گوادر تک فیری سروس بھی شروع کی جارہی ہے جو بعد میں قطر تک جائے گی۔
بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا، وزیر اعظم
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ-ژوب روڈ اور امراض قلب کے ادارے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔
اپنے دورہ بلوچستان کے دوران وزیر اعظم عمران خان کوئٹہ پہنچے، جہاں گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔
جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے گورنر،وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم وفاقی وزرا کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچے، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ایوی ایشن بیس پر ان کا استقبال کیا۔