امریکا مسعود اظہر کے معاملے پر ہوشمندی سے کام لے، چین
چین نے امریکا پر جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو کالعدم قرار دینے کے مسئلے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ کمیٹی کو نظرانداز کرنے پر ’محتاط رویہ‘ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ ’امریکا کے یکطرفہ ردعمل سے مسائل مزید پیچیدہ ہوجائیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی کوشش ناکام بنا دی
واضح رہے کہ چین کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکا نے پابندی کمیٹی 1267 کو نظر انداز کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے ارکان میں مسعود اظہر کو ایک مرتبہ پھر کالعدم قرار دینے سے متعلق قرارداد کا مسودہ تقسیم کیا۔
بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ ژوانگ نے کہا کہ ’امریکا کے اقدام سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مرکزی کمیٹی برائے انسداد دہشت گردی کے اختیارات کو اہمیت نہیں دیتا‘۔
اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسے اقدامات سے امریکا کو کچھ حاصل نہیں ہوگا اور اس کے ردعمل میں مسائل مزید پیچیدہ ہوجائیں گے‘۔
ترجمان نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ ’عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زبردستی قرارداد کو منظور کروانے کی کوششیں ترک کردے۔'
مزید پڑھیں: مسعود اظہر کو ’عالمی دہشت گرد‘ قرار دینے کی امریکی کوششیں
وزرات خارجہ کے ترجمان نے کا کہنا تھا کہ ’جیش محمد کے سربراہ کو کالعدم قرار دینے میں متعدد پیچیدہ عناصر شامل ہیں، تاہم چین مذاکرات اور اتفاق رائے کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔'
انہوں نے زور دیا کہ ’سلامتی کونسل متعلقہ فریقین کو مذاکرات اور مشاورت کے لیے وقت اور مہلت فراہم کرکے دانش مندانہ اور معنیٰ خیز کردار ادا کرے‘۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسعود اظہر کو کالعدم قرار دینے کے لیے قرارداد پیش کی، جس پر بیجنگ اور واشنگٹن کے مابین تصاد کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
14 مارچ کو چین نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حماد اظہر، مفتی عبدالرؤف سمیت کالعدم تنظیموں کے 44 کارکنان زیرحراست
چین اس سے قبل 3 مرتبہ عالمی طاقتوں کی اسی کوشش کو ناکام بنا چکا ہے۔
سلامتی کونسل میں امریکا، فرانس، اور برطانیہ کی جانب سے مولانا مسعود اظہر کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے قرارداد 27 فروری کو پیش کی گئی تھی لیکن بیجنگ نے اس کو ناکام بنا دیا تھا۔
قرارداد کو ناکام بنانے کے بعد بریفنگ میں چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ 'چین کی حکومت سیکیورٹی کونسل میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔'