آئی ایم ایف مشن چیف کا دورہ پاکستان مکمل
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف ایرنیسٹو رامریز ریگو ابتدائی دورہ پاکستان مکمل کرلیا اور اس دورے میں انہوں نے پاکستانی حکام سے ہونے والی ملاقاتوں حالیہ معاشی اقدامات اور بیل آؤٹ پیکیچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے لیے آئی ایم ایف مشن چیف نے اپنے دورے میں 26 مارچ اور 27 مارچ کو اسلام آباد اور کراچی گئے جہاں انہوں نے حکام سے تعارفی ملاقاتیں کیں۔
خیال رہے کہ رامریز ریگو نے پاکستان کے لیے مشن چیف کے طور رواں ماہ کے اوائل میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں اور یہ ان کا اولین دورہ تھا۔
اعلامیے کے مطابق رامریز نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، مشیر تجارت رزاق داود، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر کے علاوہ سرکاری عہدیداروں فنانس سیکریٹری یونس ڈاگا، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو جہاں زیب خان، وزیراعظم کے مشیر اصلاحات عشرت حسین سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف مشن چیف کی وزیرخزانہ سے ملاقات، مختلف معاملات پر تبادلہ خیال
آئی ایم ایف مشن چیف کے سربراہ نے کراچی کے دورے میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور مرکزی بینک کے دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق رامریز ریگو نے کراچی میں حکام سے تبادلہ خیال کے دوران حالیہ معاشی اقدامات اور آئی ایم ایف سے سپورٹ پروگرام کے حوالے سے جاری مذاکرات ہی بنیادی نکات تھے۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف مشن چیف ایرنیسٹو رامریز ریگو کی سربراہی میں وفد نے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی جہاں زری پالیسی سمیت دیگرشعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف سربراہ کی پاکستان آمد، حکومت کی نظریں بیل آؤٹ پیکج پر مرکوز
وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیر خزانہ اور آئی ایم ایف مشن چیف نے مالی، مانیٹری، ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور توانائی کے شعبے سمیت تمام امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ نے رامریزریگو کو ملک کی معاشی حالت کو بہتر کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ اسد عمر نے آگاہ کیا کہ حکومت کی جانب سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور دیگر معاشی اقدامات متعارف کروائے گئے ہیں جس کے بہتر نتائج آرہے ہیں۔
علاوہ ازیں آئی ایم ایف مشن چیف رمیریز ریگو نے وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود سے بھی ملاقات کی تھی۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داود کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی ٹیرف پالیسی جلد متعارف کروائیں گے جس سے ملکی معیشت بہتر ہوگی۔
اس موقع پر آئی ایم ایف کے مشن چیف رامریز ریگو نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اصلاحات اچھا اقدام ہے اور امید ہے کہ اصلاحات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور اس سے معیشت میں بہتری آئے گی۔