عمران خان 'این آر او' کی جھوٹی رٹ لگا کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے،مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ عمران خان این آر او کی جھوٹی رٹ لگا کر عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیب اور این آر او کی رٹ لگا کر اپنی نااہلی چھپانے کے لیے اپوزیشن کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان 5 سال سے نواز شریف اور شہباز شریف کے نام پر سیاست کر رہے ہیں، اب بھی صرف دونوں کا خوف ان پر طاری ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی نالائقی اور عوام دشمن ذہنیت کے خلاف اپوزیشن جیسے اکٹھی ہورہی ہے، وہ جھوٹ بولنے کے اپنے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو اپنی نااہلی کی وجہ سے اپوزیشن کو کنٹینر دینا چاہتے ہیں، لیکن ہم آپ کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نیب سے خوفزدہ ہیں، اس لیے رو رہے ہیں، عمران خان
رہنما مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ قوم عمران خان کو ان کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹے وعدوں کی وجہ سے مسترد کرے گی اور وہ خود جلد کنٹینر پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیان سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے، ان کی عوام دشمن پالیسیوں اور نالائقی کی وجہ سے پوری عوام رو رہی ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اب عمران خان کا جھوٹ نہیں چلے گا اب آپ کنٹینر پر نہیں ہیں، اب آپ این آر او کی جھوٹی رٹ لگا کر عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قوم کو بتائیں آپ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو این آر او دے چکے ہیں، عوام کو بتائیں کہ علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے بنائے ہوئے کسی ایک پراجیکٹ اور منصوبے کا نام بتائیں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان کو تنقید کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے خود تو ان جیسی ایک میٹرو بھی نہیں بناسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بتائیں کہ کہ آپ نے ساڑھے تین سو ڈیمز بنانے تھے لیکن خیبر پختونخواہ کی بجلی بھی نوازشریف اور شہباز شریف نے پوری کی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کو ’ہم مصروف تھے‘ کی جگہ ’ہم نالائق ہیں‘ کا اشتہار دینا چاہیے، مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ ان کی نالائقی کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی میٹرو ایک کھرب سے زیادہ پر پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی، لیور اور کڈنی ٹرانسپلانٹ، پی کی ایل آئی، ملتان، فیصل آباد، لاہور برن سنٹرز، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی، سرجیکل ٹاور میو ہسپتال، ملتان کڈنی ٹرانسپلانٹ، وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی جیسے کئی ہسپتال نواز شریف اور شہباز شریف نے بنائے ہیں لیکن عمران خان پانچ سالوں میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کی ٹپکتی چھت بھی مرمت نہیں کروا سکے۔
ترجمان مسلم لیگ(ن) کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے سکولوں میں41 ہزار میں سے 21 ہزار انرولمنٹ کا جھوٹ بولا تھا اور جعلی اندراج کا حکم عمران خان نے دیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم کو بتائیں 6 ماہ میں ہم نے 3 ہزار قرض لے کر ریکارڈ قائم کیا ہے اور جی ڈی پی کا تناسب 5.8 فیصد سے کم ہوکر 3 فیصد کے قریب آگیا ہے جس کی وجہ سے لاکھوں افراد بیروزگار ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں سب سے بڑا افراط زر 8.5 فیصد پی ٹی آئی کی نالائقی کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ٹیکس وصولیوں میں 485.9 ارب روپے خسارے کا قوم کو جواب دیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی بحران پر فواد چوہدری کی مریم اورنگزیب سے مشاورت
ترجمان مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی تاریخ کا تیز ترین قرض لیا ہے اور گردشی قرض ہر روز ایک ارب 70 کروڑ روپے بڑھ رہا ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا نواز شریف کو کس قانون کے تحت بیرون ملک علاج کے لیے بھجوائیں، انہیں صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، وہ ملک میں جہاں چاہیں علاج کرواسکتے ہیں، کیا نواز شریف کی خاطر ملک سے باہر بھیجنے کے لیے قانون تبدیل کردیں، ایسا کوئی قانون نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی این آر او ملے گا، شریف برادران 30 سال اقتدار میں رہے لیکن ایک ہسپتال نہیں بنا سکے جہاں ان کا علاج ہوسکے، شریفوں کو شرم آنی چاہیے کہ ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بن گئیں لیکن عوام کے لیے کوئی بہتر ہپستال نہ بنا سکے، ان کے بچے باہر جاکر امیر ہوگئے اور قطری خط، کلیبری فونٹ سب جھوٹ نکلا۔
ساتھ ہی عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اسحٰق ڈار کے والد کی سائیکلوں کی دکان تھی لیکن ان کا علاج بھی اب لندن میں ہوتا ہے۔