تھائی لینڈ: انتخابات میں فوج کی حمایت یافتہ پارٹی آگے
عام انتخابات کے لیے 24 مارچ کو پولنگ ہوئی تھی، 93 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی۔
سیاحت اور تفریح کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے متعدد جزائر پر مشتمل ملک تھائی لینڈ میں گزشتہ روز ہونے والے عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ پارٹی سب سے آگے ہے۔
تھائی لینڈ میں 2014 میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد 24 مارچ کو انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی۔
انتخابات میں 5 کروڑ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
انتخابات کے ذریعے عوام ایوان زیریں کے 350 امیدواروں کا انتخاب کریں گے جب کہ 150 ارکان کو خصوصی نشستوں پر منتخب کیا جائے گا جو سینیٹ کے 250 ارکان سے مل کر ملک کے نئے وزیر اعظم کو منتخب کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار مخنث خاتون وزیر اعظم کی امیدوار
اس بار انتخابات میں وزیر اعظم کے لیے پہلی بار مخنث خاتون سمیت سابق وزیر اعظم اور اقتدار پر قبضہ کرنے والے پریوتھ چینوچا سمیت 60 امیدوار مد مقابل ہیں۔