کھیل

پی ایس ایل چیمپیئن کا کوئٹہ میں پرتپاک استقبال

پی ایس ایل) کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنی فتح کا جشن منانے بلوچستان پہنچ گئی، عوام نے شاندار استقبال کیا۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنی فتح کا جشن منانے صوبہ بلوچستان پہنچ گئی جہاں اس کا پرتپاک استتقبال کیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے گزشتہ اتوار کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پشاور زلمی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنی فتح کا جشن منانے کے لیے ہفتہ کی رات بلوچستان پہنچی جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

کھلاڑیوں کو گزشتہ رات کوئٹہ میں واقع پولو گراؤنڈ لے جایا گیا تھا جہاں عوام نے ٹیم کے ساتھ بھرپور انداز میں جشن منایا تھا۔

آج ٹیم نے کوئٹہ نے ٹرافی کے ہمراہ کوئٹہ کی سڑکوں پر گشت کیا اور یہاں بھی وام کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور پی ایس ایل ٹرافی کے دیدار کے لیے عوام کا سمندر صوبائی دارالحکومت کی سڑکوں پر امڈ آیا اور کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں پر گل پاشی کی گئی۔

ٹیم نے جیت کا جشن مناتے ہوئے ٹرافی کے ساتھ کوئٹہ کی سڑکوں پر وکٹری پریڈ کی اور اس دوران ٹرافی کی ایک جھلک دیکھنے اور ہیروز کے استقبال کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے نعروں کی گونج میں چیمپیئن ٹیم کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔

گلیڈی ایٹرز کا قافلہ جہاں جہاں سے گزرا، ان کا والہانہ استقبال کیا اور شائقین قومی ٹیم کے اسٹارز اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنانے کی کوشش کرتے رہے۔

پی ایس ایل چیمپیئنز کےاعزاز میں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پروقار تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں سرفرازاحمد نے شاندار استقبال پر بلوچستان حکومت اور صوبے کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سرفراز نے کہا کہ اتنے اچھے استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر جلد کوئٹہ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے جس میں بلوچستان بھر سے تمام کھلاڑی حصہ لیں گے۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ چند ماہ بعد شیڈول ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔

مایہ اوپننگ بلے باز نے بھی شاندار استقبال پر کوئٹہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بلوچستان حکومت نے گزشتہ دو سال میں صوبے میں اتنا امن قائم کردیا ہے کہ ہم یہاں بآسانی ٹرافی لے کر گھوم رہے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز کےاعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں وزیراعلیٰ جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ ارکان میں خصوصی شیلڈز تقسیم کیں۔

وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے ایک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز نے کوئٹہ میں کھیل کے فروغ کے لیے اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے کہا ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل کے ایک میچ کا انعقاد کوئٹہ میں بھی کیا جائے۔

لاہور قلندرز کے کپتان اور اور قومی ٹیم کے تجربہ کھلاڑی محمد حفیظ نے بلوچستان کے عوام کے ساتھ جشن مناے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سراہا۔