برطانیہ: دس لاکھ افراد کا بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بریگزٹ مخالفین کا بڑا مظاہرہ ہوا جہاں انہوں نے حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی سے یورپین یونین سے اخراج کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر ریفرنڈم کروانے کا مطالبہ کردیا۔
خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق پیپلزووٹ مارچ کا آغاز پارک لین اور دیگر مقامات سے ہوا اور برطانوی پارلیمنٹ تک پہنچا جہاں آئندہ چند دنوں میں بریگزٹ پر حمتی فیصلہ ہوگا۔
مظاہرین نے یورپین یونین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور یونین کے ساتھ برطانیہ کے طویل شراکت داری برقرار رکھنے کے مطالبے درج تھے۔
بریگزٹ مخالف مظاہرے میں برطانیہ بھر سے عوام موجود تھے جو وزیراعظم تھریسامے کو بریگزٹ سے دست بردار کرنے کے لیے پرعزم تھے۔
یہ بھی پڑھیں:تھریسا مے معاہدے میں ایک اور مخالفت کے بعد بریگزٹ میں تاخیر کی خواہاں
لبرل ڈیموکریٹ رہنما وینس نے مظاہرین کی تعداد حیران کن اور متحد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘یہاں پر ملک بھر زندگی کے ہر شعبے اور عمر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور ملک میں ہم 60 فیصد افراد بریگزٹ کو روکنے کے خواہاں ہیں’۔