پاکستان

یوم پاکستان: ناقابل تسخیر دفاع کی جھلکیاں

اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ ہوئی جہاں میزائل، ٹینکوں اور طیاروں نے کرتب دکھائے.

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی مناسبت سے پاک فوج کے دستوں اور پیراملٹری فورس نے پریڈ کا مظاہرہ کیا اور پاک فضائیہ کے طیاروں نے ترکی اور چین جیسے دوست ممالک کے جیٹ طیاروں کے ہمراہ فضا میں رنگ بکھیر دیے۔

تحریک پاکستان کے دوران 23 مارچ 1940 وہ دن تھا جب مولوی فضل الحق نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک آزاد وطن پاکستان کے لیے قرارداد پیش کی اور اسی مناسبت سے ہم بحیثیت قوم ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے طور پر مناتے ہیں۔

قرار داد پاکستان کے 79 سال بعد بھی قوم میں جذبہ پاکستان کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے اور اس کی مسلح افواج اسی مناسبت سے پریڈ اور دفاعی طاقت کی نمائش کرتی ہے جس کو یوم پاکستان پریڈ کہا جاتا ہے۔

یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب میں بری، فضائی اور بحری افواج کی جانب سے اپنی مہارت کا شان دار مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان کے دفاعی ساز و سامان کی بھی نمائش کی گئی۔

یوم پاکستان پریڈ میں پاکستان کے ساتھ ساتھ دوست ممالک چین، سعودی عرب، سری لنکا، بحرین، برونائی اور آذربائیجان کے فوجی دستوں نے شرکت کی جبکہ چین اور ترکی کے فضائی دستے بھی شریک ہوئے۔

اس پریڈ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان خصوصی جبکہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کی، ساتھ ہی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل مجاہد انور خان، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی و دیگر حکام نے بھی موجود تھے۔