کٹھ پتلی تماشے کے عالمی دن پر بلاول کی وزیراعظم عمران خان کو طنزیہ مبارکباد
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کٹھ پتلی تماشے کے عالمی دن پر وزیرِاعظم عمران خان کو طنزیہ مبارکباد پیش کردی۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو مبارکباد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے دی۔
چیئرمین پی پی پی نے اپنے ٹوئٹ میں کلینڈر کے اسکرین شاٹ کو شیئر کیا اور کہا کہ آج کٹھ پتلی تماشے کا عالمی دن ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے وزیرِاعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مبارکباد دی۔
اس کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے بیانات قلمبند کرادیے
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب تک حکومت نے ماضی میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے وزراء کو برطرف نہیں کیا جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے جمہوری کارکن قید میں ہیں۔
خیال رہے کہ 20 مارچ کو بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری پارک لین اسٹیٹ کرپشن کیس کے سلسلے میں اسلام آباد نیب کے دفتر میں پیش ہوئے تھے۔
اس دوران پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نیب دفتر کے باہر جمع ہوگئی تھی، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اور جیالوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے ورنہ پارٹی کو اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔