سام سنگ نے وقت سے پہلے ’اے‘ سیریز کا فون متعارف کرادیا
کمپنی نے کچھ دن قبل ہی کہا تھا کہ آئندہ ماہ اپریل کو ہونے والے ایونٹ میں اے سیریز سمیت دیگر ڈیوائسز پیش کی جائیں گی۔
اسمارٹ فون تیار کرنے والی جنوبی کورین کمپنی نے ایک بار پھر وقت سے پہلے ہی ’اے سیریز‘ کا نیا فون متعارف کرادیا۔
سام سنگ کو ’اے‘ سیریز کے اسی فون سمیت دیگر فونز آئندہ ماہ اپریل میں متعارف کرانے تھے، تاہم کمپنی نے ’ گلیکسی اے 40‘ کو وقت سے پہلے ہی متعارف کرادیا۔
سام سنگ نے 2 دن قبل ہی اپنے ٹوئیٹ میں بتایا تھا کہ ’گلیکسی ایونٹ‘ 10 اپریل کو ہونے جا رہا ہے، جس میں ’اے سیریز‘ کے فونز سمیت کئی نئی ڈیوائسز متعارف کرائی جائیں گی۔
تاہم سام سنگ نے ’گلیکسی اے فورٹی‘ کو یورپ میں اعلان کردہ وقت سے پہلے ہی متعارف کرادیا۔
سام سنگ نے گزشتہ ماہ ہی اسی سیریز کے گلیکسی اے 10، اے 30 اور اے 50 متعارف کرائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا اپریل میں نئے فونز متعارف کرانے کا اعلان
اور اب اسی سیریز کا نیا فون ’گلیکسی اے 40‘ بھی یورپ بھر میں متعارف کرادیا، تاہم اس فون کو دیگر خطوں میں فوری طور پر متعارف نہیں کرایا گیا۔