کرائسٹ چرچ سانحہ: اظہار یکجہتی کیلئے طلبہ اذان سننے کیلئے جمع
کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ سے 50 افراد کی شہادت کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یونیورسٹی کے طلبہ نے انوکھا انداز اپناتے ہوئے ایک جگہ جمع ہو کر خاموشی سے اذان سنی۔
کینٹ بری کرائسٹ چرچ یونیورسٹی میں اذان کی آواز سنتے ہی سیکڑوں طلبہ ایک جگہ جمع ہوگئے۔
طلبہ، مسلمانوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے جمع ہوئے اور خاموشی سے اذان سنی۔
طلبہ کی جمع ہونے کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور صارفین نے ان کے اس اقدام کو خوب سراہا۔
دوسری جانب کرائسٹ چرچ میں گرجا گھر کے باہر سفید جوتوں کے 50 جوڑے رکھ کر مساجد میں فائرنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
چرچ کے باہر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شہید 50 نمازیوں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یک جہتی کے لیے جوتوں کے جوڑے رکھے گئے تھے۔
آل سورس چرچ کے پادری کا کہنا تھا کہ 'ایک روایت سے متعلق ہمیں یہ معلوم ہے کہ عبادت گاہوں میں جوتے اتار کر جاتے ہیں اور اسی بات سے یہ خیال آیا کہ مساجد میں شہید ہونے والے 50 افراد کے جوتوں کے جوڑے اب کبھی استعمال نہیں ہوں گے۔'
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں قرآن کی تلاوت، وزیرِاعظم کا 'السلامُ علیکم' سے خطاب کا آغاز