پی ایس ایل فائنل: اسٹیڈیم کے عقب میں آتشزدگی، شائقین پریشان
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 4 کا اختتام شایان شان طریقے سے ہوگیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل میں شائقین نے وہ جوش و جذبہ دکھایا جو شاید ایک طویل عرصے سے دیکھنے کو نہیں ملا تھا۔
پی ایس ایل فائنل کے اختتام پر جہاں زبردست آتشبازی کی گئی وہیں اس دوران آتشزدگی کا واقعہ بھی رونما ہوا، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس حوالے سے ایک دستیاب ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی ایس ایل فائنل میچ کے بعد اسٹیڈیم کے احاطے میں انکلوژر کے عقبی حصے میں آگ کے شعلے اٹھتے نظر آئے، جس نے شائقین کو پریشان کردیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کے انتخاب عالم اور ماجد خان انکلوژر کے درمیان عقبی حصے میں نظر آنے والی آگ فاتح ٹیم کے اعزاز میں کی گئی آتشبازی کے کچھ دیر بعد لگی۔
تاہم اس آتشزدگی سے پی ایس ایل فائنل کی تقریب میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی اور تمام افراد بغیر کسی پریشانی کے اسٹیڈیم میں موجود رہے۔
علاوہ ازیں اسٹیڈیم کے قریب لگنے والی اس آگ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی جبکہ نہ ہی اس سے ہونے والی نقصان کا اندازہ ہوا۔
واضح رہے کہ 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن 4 کا فائنل کھیلا گیا تھا، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو باآسانی شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس میچ میں نیشنل اسٹیڈیم مکمل طور پر شائقین کرکٹ سے بھرا ہوا تھا جبکہ اختتامی میچ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔