کھیل

پی ایس ایل کے میچ میرانشاہ، خیبر، مظفرآباد میں بھی کرائیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

وزیراعظم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پورے پاکستان میں ہوگا اور چیئرمین پی سی بی بھی پرعزم ہیں، میجر جنرل آصف غفور

پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے اگلے سیزن کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور میرانشاہ، خیبر اور مظفر آباد میں بھی میچ کرائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں اور دیگر معمول کی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں۔

میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ‘کراچی نے پچھلی دفعہ بھی پی ایس ایل کی میزبانی کی تھی اور اس دفعہ بھی میزبانی کی’۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے تمام میچ پاکستان میں ہوں گے،نعیم الحق کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ ‘جیسے وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس ایل پورے پاکستان میں ہوگا اور اس حوالے سے میری چیئرمین پی سی بی سے بات ہوئی ہے اور وہ پرعزم ہیں کہ ہم یونس خان اسٹیڈیم میران شاہ، شاہد آفریدی اسٹیڈیم خیبر اور مظفر آباد کے اسٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل کے میچز کرائیں گے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اللہ کا کرم ہو اور جس طرح عوام اور سیکیورٹی فورسز نے کام کیا ہے تو کوئی اس کو نقصان نہیں پہنچاسکتا اور اس میں کمی نہیں آنے دی جائے گی’۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‘اس میں نہ صرف سیکیورٹی فورسز بلکہ قوم اور دیگر تمام ادارے اور سب نے قربانیاں دی ہیں’۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے تمام میچ پاکستان میں ہوں گے۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں کرکٹ کی بحالی صحیح سمت میں گامزن ہے، ڈیوڈ رچرڈسن

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں خالی اسٹیڈیمز سے وزیراعظم کے فیصلے کی توثیق ہوئی ہے۔

نعیم الحق نے ٹویٹر میں جاری اپنے بیان میں کہا کہ ‘متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے میچوں میں خالی اسٹیڈیمز سے وزیر اعظم عمران خان کے اگلے سال پورے پی ایس ایل کو پاکستان منتقل کرنے کے فیصلے کی وضاحت ہوئی ہے’۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ ‘انشااللہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں کے پرہجوم میدانوں میں میچ کھیلے جائیں گے’۔