پاکستان

فلم لوڈ ویڈنگ پر عامر لیاقت کی مہوش حیات پر تنقید

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت نے ٹوئٹر پر آکر مہوش حیات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ مہوش حیات کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز کے لیے نامزد کیے جانے کے بعد اس بارے میں سوشل میڈیا پر کافی تنازع سامنے آیا۔

اس بارے میں ایک رپورٹ پر مہوش حیات نے خود بہترین جواب ٹوئٹر پر دیا جبکہ ان کے مداحوں اور ساتھی فنکار بھی حمایت کے لیے آگے آئے اور لوگوں کو یاد دلایا کہ یہ تنقید کا نہیں خوشی کا موقع ہے۔

مگر ایسا لگتا ہے کہ اداکارہ کی اس ٹوئیٹ سے تنازع ختم نہیں ہوا بلکہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت نے ٹوئٹر پر آکر مہوش حیات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

مہوش حیات نے ٹوئٹر پر ٹویٹ کے ذریعے ایک مقامی ویب سائٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس کی وجہ یہ تھی کہ اس ویب سائٹ نے مہوش حیات کو یہ اعزاز ملنے پر ایک مضمون شائع کیا جبکہ اپنی ٹویٹ میں اداکارہ کے حوالے سے متنازع جملہ تحریر کیا۔

مہوش حیات نے ویب سائٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’آپ اس طرح اپنے فنکاروں کی جیت کا جشن مناتے ہیں؟ یہ مضمون ہٹائیں اور معافی مانگیں ورنہ میں آپ کے خلاف قانونی کارروائی کروں گی‘۔

فوٹو بشکریہ مہوش حیات انسٹاگرام

مگر پھر اچانک عامر لیاقت اس منظرنامے میں داخل ہوئے اور اداکارہ کی ٹوئیٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے لکھا 'تو کیا میں بھی آپ کے خلاف فلم لوڈ ویڈنگ پر ہرجانے کا دعویٰ دائر نہ کروں، جو کہ پوری فلم میرے گرد گھومتی ہے، جس میں میری رضامندی کے بغیر مجھے غلط انداز سے پیش کیا گیا اور کردار کشی کی گئی۔ ایک فنکار ہونے کے ناطے آپ کو ایسی فلم میں کام نہیں کرنا چاہئے تھا مگر آپ اسے روک نہیں سکیں'۔

مہوش حیات نے اس ٹوئیٹ پر اب تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ تمغہ امتیاز پاکستان میں سِول اور عسکری شخصیات کو عطا کیا جانے والا چوتھا بڑا اعزاز ہے اور یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان اس اعزاز سے منتخب شخصیات کو نوازتے ہیں۔

لوڈ ویڈنگ کا ایک اسکرین شاٹ

رواں سال مہوش حیات کے ساتھ ساتھ یہ اعزاز گلوکار عطااللہ خان عیسی خیلوی اور سجاد علی کو بھی دیا جائے گا، یہ دونوں ہی اس سے قبل ستارہ امتیاز کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔