نیوزی لینڈ دہشت گردی: قومی پرچم ایک روز کیلئے سرنگوں
شہدا و زخمیوں کے احترام اور غم زدہ خاندانوں سے اظہار یک جہتی کے لیے ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا، وزارت داخلہ
حکومت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مسجدوں میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید اور زخمیوں کے احترام اور ان کے لواحقین سے اظہار یک جہتی کے لیے 18 مارچ (پیر) کو قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ‘حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مسجدوں میں سفاک دہشت گردی کے واقعے کے شہدا اور زخمیوں کے احترام اور ان کے غم زدہ خاندانوں سے اظہار یک جہتی کے لیے 18 مارچ (پیر) کو پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا’۔