پی ایس ایل کا فاتح کون ہوگا؟ فائنل کی تمام تیاریاں مکمل
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ٹورنامنٹ میں بہترین اور مستقل مزاجی سے کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوالیفائر میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کیا پشاور اس فائنل کو بھی پی ایس ایل2- بنائے گی یا کوئٹہ اپنا بدلہ لے گی
گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی پشاور زلمی نے ہمت نہ ہاری اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
واضح رہے کہ دو سال قبل بھی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پی ایس ایل فائنل میں مدمقابل آئی تھیں جہاں مشہور عالمی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے سبب پشاور زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو باآسانی مات دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اب تک 13 میچز میں آمنے سامنے آچکی ہیں، 7 میچز کوئٹہ نے جیتے، پانچ میں پشاور زلمی نے میدان مارا اور ایک میچ بےنتیجہ رہا۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں پر کھیلنے میں بہت مزہ آیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ شین واٹس ہمارے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں لیکن فائنل کے لیے حکمت عملی بنالی ہے۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ حکمت عملی سب کے سامنے نہیں بتاسکتا، ہماری باؤلنگ بہت مضبوط ہے، ہم نے پی ایس ایل کے ہر میچ میں بھرپور مقابلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سرفراز جیت کیلئے پراُمید، سیمی بھی پی ایس ایل ٹرافی اٹھانے کو تیار
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ہم جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھائی، فائنل میں بھی ایسا ہی کھیل پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے پر لوگوں کا ولولہ قابل دید ہے اور اسی جوش کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہونا چاہیے۔