کرائسٹ چرچ دہشتگردی: وزیر اعظم کا نعیم رشید کیلئے قومی ایوارڈ کا اعلان
وزیر اعظم عمران خان نے کرائسٹ چرچ میں مسجد پر دہشت گرد حملے کے دوران بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی نعیم رشید کو قومی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
کرائسٹ چرچ حملے کے دوران ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نعیم رشید جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کے سامنے ڈٹ گئے اور انہیں آگے جانے سے روک دیا۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ: مساجد پر حملے میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 9 ہو گئی
ایک عینی شاہد کے مطابق اگر نعیم حملہ آور کو نہ روکتے تو حملے میں جانی نقصان بہت زیادہ ہو سکتا تھا کیونکہ حملہ آور النور مسجد کے عین وسط میں پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بے مثال بہادری کا ثبوت دینے والے 66 سالہ نعیم کو سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے بھی نعیم رشید کی بہادری اور جرات مندی پر انہیں قومی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم کرائسٹ چرچ دہشت گرد حملے کی زد میں آنے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کو مکمل معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔