کھیل

کینسر کے شکار بچے کی اپنے ہیرو ڈیرن سیمی سے ملاقات

ایسا لگ رہا ہے کہ حمزہ کے مضبوط بازوؤں نے مجھے چند چھکے لگانے میں واقعی مدد کی، کپتان پشاور زلمی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے کم سن مداح حمزہ کینسر کے عارضے میں مبتلا ہیں تاہم ان کا ایک خواب حقیقت بن گیا۔

کینسر کے شکار کم سن حمزہ نے اپنی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ ڈیرن سیمی سے ملنے کا موقع مل جائے۔

پشاور زلمی کے یوٹیوب چینل میں جاری ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈیرن سیمی اپنے کم سن مداح حمزہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔

ڈیرن سیمی کے علاوہ پشاور زلمی کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی حمزہ کے لیے ایک جرسی پر اپنے دستخط کیے اور اپنے پیغام میں انہوں نے حمزہ کے لیے بہتر صحت اور بیماری کا مقابلہ کرنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا کہ ‘خواہش سے متاثر ہونے تک ایسا لگ رہا ہے کہ حمزہ کے مضبوط بازووں نے مجھے چند چھکے لگانے میں واقعی مدد کی’۔

انہوں نے حمزہ کا خواب سچ بنانے میں تعاون پر اپنی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پشاور اس فائنل کو بھی پی ایس ایل2- بنائے گی یا کوئٹہ اپنا بدلہ لے گی

خیال رہے کہ ڈیرن سیمی نے 'پی ایس ایل' کے آغاز سے قبل پشاور کا دورہ کیا تھا جبکہ کراچی میں لیگ کے میچوں میں شرکت کے لیے پہنچے تو مزار قائد کا دورہ کیا اور پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 17 مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا جہاں دونوں ٹیمیں دوسری مرتبہ ٹائٹل کے حصول کے لیے ٹکرائیں گی۔