سوئیڈن کی 16 سالہ لڑکی امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد
یورپی ملک ناروے کے تین اراکین پارلیمنٹ نے یورپ کے ملک سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ لڑکی گریٹا تھونبرگ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کردیا۔
اگر گریٹا تھونبرگ امن کا نوبل انعام جیتنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں تو وہ دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ہوں گی۔
ان سے قبل پاکستان کی ملالہ یوسف زئی کو 2014 میں 17 برس کی عمر میں امن کا نوبل انعام دیا تھا۔
گزشتہ برس عراق کی یزیدی لڑکی نادیہ مراد بھی کم عمری میں نوبل انعام جیتنے والی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔نادیہ مراد کو 25 برس کی عمر میں نوبل انعام دیا گیا۔
معروف میگزین ’ٹائمز‘ کے مطابق 16 سالہ گریٹا تھونبرگ کو ناروے کے 3 ارکان پارلیمنٹ نے انہیں ان کی ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق خدمات کے پیش نظر امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا۔
رپورٹ میں ناریجن میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گریٹا تھونبرگ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے والے اراکین کا کہنا تھا کہ انہوں نے سوئیڈش لڑکی کو ماحولیاتی تبدیلی کے لیے کوششیں لینے کے لیے نامزد کیا ہے۔
اراکین کے مطابق ان کے خیال میں اگر گریٹا تھونبرگ کی کاوشوں کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کوششیں نہیں کی گئیں تو دنیا جنگوں، بیماریوں اور دیگر مسائل کا شکار بن سکتی ہے۔