اب فائنل میں ہوگا اصل مقابلہ
پرفارمنس کے اعتبار سے تو اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ہی حقیقی طور پر فائنل تک پہنچنے کی حقدار تھیں۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہو یا دنیا کی کوئی بھی لیگ، اس کا فائنل کن 2 ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا چاہیے؟ بالکل ٹھیک کہا آپ نے، ان کے مابین جو سیزن میں سب سے عمدہ کارکردگی دکھائیں اور قسمت نہیں بلکہ صلاحیت کے بل بوتے پر فائنل تک آئیں۔ بات کریں پی ایس ایل 4 میں پرفارمنس کی تو اس بار سب سے آگے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں رہیں اور یہی دونوں ٹیمیں حقیقی طور پر فائنل تک پہنچنے کی حقدار تھیں۔
دوسرے ایلی منیٹر میں تو پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کچل کر رکھ دیا۔ ایک یکطرفہ مقابلے میں انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کھیل پر گرفت ایک مرتبہ مضبوط کرلیں تو پھر کھوتے نہیں۔ ناک آؤٹ میں کامیابی کے ساتھ پشاور نے اسلام آباد کے ہاتھوں پچھلے سال فائنل کی شکست کا بدلہ بھی لے لیا ہے۔