پاکستان

نیب کا مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

ملزمان کے خلاف ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر ریفرنس کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیب
|

قومی احتساب ادارے (نیب) نے سابق میئر کراچی اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نیب نے مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر ریفرنس دائر کرنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: مصطفیٰ کمال سمیت پی ایس پی کےدیگر رہنما مذاکرات کےبعد رہا

سندھ ہائی کورٹ میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افتخار قائمخانی، ممتاز حیدر، نذیر زرداری اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران نیب نے عدالت کو بتایا کہ ’ملزمان کے خلاف ابتدائی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے، ریفرنس دائر کرنے کے لیے معاملہ نیب ہیڈ کوارٹر بھیج دیا گیا ہے‘۔

عدالت نے نیب سے 2 مئی کو ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: مصطفیٰ کمال صاحب کی قرارداد اور میرا ڈر

دوران سماعت نیب نے عدالت کو بتایا کہ زمین 1980 میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر دی گئی تھی، بعد ازاں 2005 میں ساری زمین ڈی جے بلڈرز نے لیز پر حاصل کی۔

نیب کا کہنا تھا کہ سابق ناظم کراچی مصطفٰی کمال نے بلڈر کو کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی غیرقانونی اجازت دی تھی۔

نیب کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ مصطفی کمال کو ملزم نامزد کیا گیا ہے اور بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔