پشاور-کوئٹہ کوالیفائر، سنسنی خیزی کی عظیم تاریخ
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں جس مقابلے کا سب سے زیادہ انتظار کیا جاتا ہے وہ کراچی-لاہور کا میچ ہوتا ہے۔ دونوں ٹیموں کی فین فالووِنگ جتنی زیادہ ہے، کارکردگی اتنی ہی ’ماٹھی‘ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کا پلے آف میں کبھی مقابلہ نہیں ہوا بلکہ قلندرز بیچارے تو کبھی اگلے مرحلے تک پہنچے ہی نہیں، جبکہ بزعمِ خود ’کنگز‘ بھی پلے آف مرحلے میں ہمیشہ پہلے ہی مقابلے میں شکست کھا کر باہر ہوئے۔
شاہوں اور قلندروں کے برعکس جس نے ثابت کیا ہے کہ کھیل میں رقابت کیا چیز ہوتی ہے؟ وہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہیں۔ پہلے سیزن سے اب تک ان دونوں کے مابین ہمیشہ جاندار مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں بلکہ ہر سال پلے آف میں ہونے والا ٹکراؤ تو سنسنی خیزی کی تمام حدیں توڑ دیتا ہے۔
کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل 4 کے پہلے کوالیفائر میں بھی ایسا ہی مقابلہ ہوا کہ جس میں کوئٹہ نے 10 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ایک مرتبہ پھر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ یہ چار سیزنز میں تیسرا موقع ہے کہ کوئٹہ فائنل تک پہنچا ہے، لیکن بدقسمتی دیکھیں کہ آج تک ٹائٹل نہیں جیت پایا۔ اس کی وجوہات اپنی جگہ لیکن جو بات سب سے دلچسپ ہے وہ یہ کہ پچھلے 3 سیزنز میں دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے میں جب بھی آمنے سامنے آئی ہیں، مقابلے کا فیصلہ صرف 1 رن سے ہوا ہے۔ گزشتہ شب بھی کچھ ایسا ہی ہونے جا رہا تھا، بس پشاور زلمی کی راہ میں شین واٹسن حائل ہوگئے۔
2016ء اور 2017ء میں بھی پہلے مرحلے کے اختتام پر پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر نمبر 1 تھا جبکہ کوئٹہ دوسرے نمبر پر آیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ٹیمیں کوالیفائر 1 میں مقابل آئیں کہ جہاں جیتنے والا براہِ راست فائنل تک رسائی حاصل کرتا ہے جبکہ شکست خوردہ کو ایک مزید 'موقع' ملتا ہے کہ وہ کوالیفائر 2 کے فاتح کے ساتھ کھیلے اور جیت کر فائنل میں جگہ پائے۔