پاکستان

’پاکستان کے سیاسی نظام سے جڑی مافیا صرف عمران خان کے نام سے ڈرتی ہے‘

دو جماعتوں کا گٹھ جوڑ توڑنا آسان کام نہیں تھا،اپوزیشن کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں،انہیں کرپشن نہیں کرنے دینی،فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے علاوہ آج تک کسی کو مافیا کے خلاف لڑنے کی جرات نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی نظام سے جڑی تمام مافیا صرف عمران خان کے نام سے ڈرتی ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کی طاقت سے ہم نے اس نظام کو للکارا، دو پارٹیوں کا گٹھ جوڑ توڑنا آسان کام نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹو پارٹی سسٹم جہاں جہاں بھی ہے ان میں گٹھ جوڑ ہوتا ہے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے کرپشن الائنس بنایا اور تمام اداروں پر اپنے لوگوں کو مسلط کیا اور اداروں کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا شروع کیا۔

مزید پڑھیں: ’نعیم الحق کابینہ میں رہیں گے،فواد چوہدری چلے جائیں گے‘

فواد چوہدری نے کہا ان دو بڑی سیاسی جماعتوں نے پوری ریاست کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس پورے معاملے میں پاکستان تحریک انصاف کا آگے آنا یہ ثابت کرتا ہے کہ اتنے بڑے مافیا کے اگر قیادت میں جرات ہو، لگن ہو، وہ کرپٹ نہ ہو تو وہ اسے گراسکتا ہے اور عمران خان کے علاوہ کسی اور میں ان مافیاز کو شکست دینے کی صلاحیت نہیں تھی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ساتھ ہمارا کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، ہم انہیں کرپشن نہیں کرنے دیں گے اور جو کرپشن کا پیسہ کمایا ہوا ہے وہ عوام کو واپس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں، عمران خان جب اسٹار تھے اس وقت نواز شریف ان کے فین تھے، عمران خان کی آصف زرداری سے کیا ذاتی لڑائی ہے، ان سے عمران خان کی کئی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو لڑائی ہے وہ یہ کہ اربوں روپے پاکستان سے چوری کیے اور باہر لے گئے اور جب وہ پیسے واپس لینے کا کہا جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ ہمیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک مقدمہ ہمارا نہیں بنایا ہوا، ایک تفتیشی پی ٹی آئی کا نہیں ،ایک عدالت کا اہلکار ہمارے زیر اثر نہیں، آپ (اپوزیشن) جائز مقدمات میں سزائیں پانے کے باوجود لوگوں کو بیوقوف سمجھ رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان سیاسی وژن رکھتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو زیادہ چیختے چلاتے نظر آتے ہیں ان پر اتنے بڑے کیسز ہیں،ان سب کا مفاد ایک دوسرے سے جڑا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ جو پچھلی سیاسی ایلیٹ تھی چاہے وہ نواز شریف ہوں، خورشید شاہ، خواجہ آصف، احسن اقبال یہ سب اپنے آخری الیکشن لڑچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کو استعفیٰ دیا نہ مجھ سے مانگا گیا، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نئی جنریشن میں داخل ہوچکا ہے، 64 فیصد پاکستانی جو 35 برس سے کم عمر ہیں وہ پاکستان کے مستقبل سے جڑے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ پاکستان اگر خوشحال ہوگا تو اس کی اہمیت بڑھے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ پلوامہ واقعے میں پورا پاکستان ملکی قیادت کے ساتھ جُڑگیا کیونکہ لیڈر شپ میں یہ صلاحیت تھی کہ اس نے پورے پاکستان کو اپنے ساتھ کھڑا کیا اور ہندوستان کو منہ کی کھانی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے علاقائی کے بجائے قومی سیاست کو فروغ دیا، 70 کی دہائی کے بعد کراچی پاکستان اور عمران خان کی زبان بول رہا ہے، عمران خان نے سندھ اور کراچی کو لسانی سیاست سے نکالا۔