پاکستان

’بہت پہلے ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ میں پاکستان میں ہی رہوں گی‘

پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے تمغہ امتیاز کے لیے نامزد ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کردیا۔

پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات کو رواں سال 23 مارچ کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

اداکارہ ان 127 افراد میں سے ایک ہوں گی جو پاکستان کی بہتری کے لیے کارکردگی کرنے پر یوم پاکستان کو یہ اعزاز حاصل کریں گے۔

یاد رہے کہ تمغہ امتیاز پاکستان میں سِول اور عسکری شخصیات کو عطا کیا جانے والا چوتھا بڑا اعزاز ہے اور یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان اس اعزاز سے منتخب شخصیات کو نوازتے ہیں۔

رواں سال مہوش حیات کے ساتھ ساتھ یہ اعزاز گلوکار عطااللہ خان عیسی خیلوی اور سجاد علی کو بھی دیا جائے گا، یہ دونوں ہی اس سے قبل ستارہ امتیاز کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

اس حوالے سے مہوش حیات کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’مجھے یہ خبر سن کر بےحد خوشی ہوئی کہ صدر پاکستان نے مجھے یہ اعزاز دینے کا فیصلہ کیا، میں ہمیشہ سے اپنا شوق پورا کررہی ہوں اور اس پر اس طرح سے اعزاز ملنے کا یہی مطلب ہے کہ میں کچھ اچھا ہی کررہی ہوں‘۔

مزید پڑھیں: یوم پاکستان پر 18 غیر ملکیوں سمیت 127 افراد کو سول ایوارڈ دیا جائے گا

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے بہت پہلے ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ میں پاکستان میں ہی رہوں گی اور یہی کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بہتر بنانے پر فوکس کروں گی اور مجھے اپنی شراکت پر فخر ہے، گزشتہ 5 سالوں میں، میں پاکستان کی کئی کامیاب اور بہترین فلموں کا حصہ بنی ہوں‘۔

اداکارہ نے اس اعزاز کے لیے اپنے ان دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے بغیر وہ یہ مقام حاصل کرنے میں ناکام ہوجاتی۔

مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ’لیکن میں اس کا پورا کریڈٹ خود نہیں لوں گی، جب 23 مارچ کو میں یہ اعزاز قبول کروں گی تو اسے ان تمام ہدایت کار، ساتھی اداکار، مصنف، میک اپ عملے اور ٹیم میں موجود ہر فرد سے شیئر کروں گی، جو میری کامیابی کا حصہ بنا‘۔

اداکارہ کے مطابق ’میں اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے اس بہترین اور یادگار سفر میں میرا ساتھ دیا، مجھے امید ہے کہ میں پاکستان کا نام اس ہی طرح آگے بھی روشن کرتی رہوں‘۔

مہوش حیات کے علاوہ فلم اداکار بابرہ شریف، ریما خان، شبیر جان اور افتخار ٹھاکر کو بھی یہ اعزاز دیا جائے گا۔