پی ایس ایل کا آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور پاکستان کون؟
اگر ہم پی ایس ایل کارکردگی کی بنیاد پر ٹیموں کا تقابل انٹرنیشنل کرکٹ سے کریں تو بڑی دلچسپ صورت حال سامنے آتی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک اور 'فُل ہاؤس' کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچا اور ہر سال کی طرح اس بار بھی کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور کراچی پلے آف مرحلے میں پہنچے ہیں۔
مکمل طور پر متحدہ عرب امارات میں ہونے والا پی ایس ایل کا پہلا سیزن ہو یا لاہور کے تاریخی فائنل کا حامل دوسرا، لاہور و کراچی کے میچز کے ساتھ کھیلا گیا یادگار پچھلا سال ہو یا اس بار جبکہ آخری 8 میچز کراچی میں ہو رہے ہیں، ہر مرتبہ یہی ہوتا ہے کہ یہی 'فنٹاسٹک 4' پنجاب کی ٹیموں کو روندتے ہوئے اگلے مرحلے تک پہنچ جاتے ہیں۔
اب کیونکہ ہر سال ہی ایسا ہوتا ہے تو 4 سال میں ہر ٹیم کی کارکردگی کا ایک خاص اور پختہ تاثر بن چکا ہے، بالکل ویسا ہی جیسا دہائیوں تک کی پرفارمنس کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ کی مختلف ٹیموں کا موجود ہے۔