3برس میں وزیر اعظم کی آمدن کم، بلاول، زرداری اور شہباز کی آمدنی میں اضافہ
وزیر اعظم کے مقابلے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور حمزہ شہباز کے ذرائع آمدن میں بھی واضح اضافہ دیکھاگیا۔
اسلام آباد: سرکاری دستاویزات کے مطابق اہم و سرکردہ سیاستدانوں کی حالیہ سالوں میں زراعت اور دیگر ذرائع سے کُل آمدن میں کمی و بیشی کی مختلف کہانیوں کے ساتھ واضح فرق سامنے آیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی 2015 میں کُل آمدن 3 کروڑ 56 لاکھ روپے تھی جو 2016 میں کم ہوکر 1 کروڑ 29 لاکھ ہوئی اور 2017 میں یہ مزید کم ہوکر صرف 47 لاکھ روپے ہوگئی۔
2015 میں عمران خان کی آمدن کا بڑا حصہ ان کے اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع 2 کروڑ کے فلیٹ کی فروخت سے حاصل ہوا تھا جبکہ 98 لاکھ روپے انہیں بیرون ممالک سے رقم کی مد میں ملے تھے۔
دستاویزات میں 34 لاکھ ان کی زراعت سے آمدنی، رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے تنخواہ کی مد میں 9 لاکھ 21 ہزار روپے، پی ایل ایس منافع 7 لاکھ 62 ہزار روپے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پینشن 4 لاکھ 10 ہزار روپے بتایا گیا۔