کھیل

کراچی میں پی ایس ایل کا میلہ سجنے میں چند گھنٹے باقی

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کا میلہ کراچی میں سجنے جارہا ہے اور شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کو بے قرار ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے کامیاب مراحل کے بعد آخری مرحلے کے 8 میچز کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا اور اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

نیشنل اسٹیڈم کراچی میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا جبکہ شائقین کے لیے اسٹیڈیم کے دروازے 4 بجے کھول دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے ضروری ہدایات

شہر قائد میں ہونے والے میچز کے پیش نظر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس، رینجرز کے جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اسی کے ساتھ ساتھ شائقین کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور اسٹیڈیم آنے والے ہر شہری کے لیے ٹکٹ اور اصل قومی شناختی کارڈ لانا لازمی ہے جبکہ کسی بھی قسم کے کھانے یا پینے کی اشیا، ممنوعہ آلات لانے پر پابندی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے اسٹیڈیم آنے والے شائقین کے لیے مختلف مقامات پر پارکنگ کے مقامات بنائے گئے ہیں، جہاں گاڑیاں پارک کرکے انہیں شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

آج کھیلے جانے والے میچ کی بات کی جائے تو یہ دونوں ٹیمیں خصوصی طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اگر اسلام آباد یونائٹیڈ آج کے میچ میں شکست سے دوچار ہوجاتی ہے تو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہوجائیں گے۔

اسی طرح لاہور قلندرز کے لیے بھی یہ میچ کافی اہم ہے اور اسے بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے آج کا میچ جیتا ہوگا، تاہم اس کے باوجود اگر لاہور آج کے میچ میں شکست ست دو چار بھی جاتا ہے تو اس کے پاس ایک اور موقع اگلے میچ کی صورت میں باقی رہے گا۔

تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایونٹ کے راؤنڈ مرحلے میں یہ آخری میچ ہے اور ٹاپ 4 ٹیموں میں کوالیفائی کے لیے اسے اس میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

اگر پاکستان سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل کی اب تک کی صورتحال کی بات کی جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9 میں سے 7 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

کوئٹہ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پشاور کا نمبر آتا ہے اور وہ 9 میں سے 6 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: شائقین کن راستوں سے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ سکیں گے؟

اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر موجود ہے جو 9 میں سے 4 میچز میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، تاہم انہی کے ساتھ کراچی کنگرز کی ٹیم 8 میں سے 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم بھی 8 میں سے 4 میچز میں کامیابی سمیٹ کر 8 پوائنٹس حاصل کرکے پانچویں نمبر پر ہے۔

اسی طرح پی ایس ایل کے 4 سیزن میں دوسری مرتبہ شرکت کرنے والی ملتان سلطان کی ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی اور وہ 9 میں سے صرف 2 میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور لاہور تینوں ٹیموں کے 8، 8 پوائنٹس ہیں لیکن اسلام آباد کا ایک جبکہ باقی دونوں ٹیموں کے 2، 2 میچز ابھی باقی ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہوگا کہ 2 مرتبہ کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اگلے مرحلے میں جاتی ہے یا اس کا سفر یہی ختم ہوتا ہے۔