دنیا

بھارت کا ایک اور لڑاکا طیارہ تباہ

مگ 21 معمول کی پرواز پر تھا, اس میں تکنیکی خرابی ہوئی، راجستھان میں گر کر تباہ ہوا، رپورٹس

نئی دہلی: بھارتی ریاست راجستھان میں بھارتی ایئرفورس کا مگ 21 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق راجستھان کے ضلع بکانر میں شوبہ سرکی دھانی علاقے میں مگ 21 طیارہ تباہ ہوا جبکہ پائلٹ طیارے کے گرنے سے قبل باہر نکل گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مگ 21 معمول کی پرواز پر تھا جب اسے تکنینی خرابی کا سامنا ہوا اور وہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

ادھر بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں ایسا لگتا ہے کہ طیارہ پرندے کے ٹکرانے سے خراب ہوا، تاہم اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے تباہ

خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے اور ایک جنگی ہیلی کاپٹر تباہ ہوچکے ہیں، جن میں سے دو طیاروں کو پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا۔

اس سے قبل حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیاروں کو پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا جبکہ اس دوران ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔

جسے بعد ازاں پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا تھا اور انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

27 فروری کو ہی بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت کم از کم 5 افراد ہلاک ہو ئے تھے۔

اس سے قبل 19 فروری کو بھارت میں فضائی کرتب کے لیے ہونے والے ایئر شو کے آغاز سے قبل ہی بھارتی فضائیہ کی سُریاکرن ایروبیٹک ٹیم کے 2 جیٹ طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔