پاکستان

صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

ایک روز قبل فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے اپنے متنازع بیان پر اس عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سید صمصام علی بخاری نے پنجاب کے وزیر اطلاعات کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے اپنے متنازع بیان پر اس عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سروس نے صمصام بخاری سے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران عہدے کا حلف لیا۔

مزید پڑھیں: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا استعفٰی منظور

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر اہم صوبائی وزرا بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ صمصام بخاری نے 2015 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی میں تھے.

وہ 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 201 (ساہیوال-6) سے منتخب ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندو برادری سے متعلق متنازع بیان پر صوبائی وزیر اطلاعات مستعفی

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے دیے گئے بیان پر سوشل میڈیا پر ان کے ساتھی پارٹی رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تھی جس کے بعد ان سے استعفیٰ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کے ترجمان شہباز گل نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم بعد ازاں تحریک انصاف نے وضاحت کی کہ ان کو نکال دیا گیا ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی مذہب کی تذلیل کو بیانیے کا حصہ نہیں ہونا چاہیے‘۔