پاکستان

پی ایس ایل: کراچی میں سیکیورٹی کے انتظامات مکمل

7 بجے میچ شروع ہوگا شائقین دو گھنٹے پہلے پہنچ جائیں، سیکورٹی کے تین حصار بنائے جائیں گے، ڈی آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ
|

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کراچی میں منعقد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 میچز سے متعلق سیکیورٹی کے بارے میں بتایا کہ ’مجموعی طورپر 50 ایس ایس پی، 700 لیڈیز پولیس اور 13 ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے‘۔

آئی جی سندھ پولیس نے کہا کہ ’کراچی میں میچز کے انعقاد کا فیصلہ فورسز پر اعتماد کی عکاسی ہے‘۔

مزیدپڑھیں: پی ایس ایل 2019 کے 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے

اس حوالے سے ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ سیکورٹی کے تین حصار بنائے جائیں گے اور ہوٹل اور تمام روٹس پر اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات ہوں۔

انہوں نے شائقین پر زور دیا کہ’7 بجے میچ شروع ہوگا شائقین دو گھنٹے پہلے پہنچ جائیں بعد میں دروازے بند ہوں جائیں گے تاہم پارکنگ بنائی گئی ہیں جہاں سے شٹل سروس سے اسٹیڈیم تک پہنچایاجائے گا‘۔

علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے کہا کہ ’دشمنوں کو مات دینے کے لیے اپنے ارد گرد کے مشکوک افراد کی اطلاع پولیس اور رینجرز کو دیں‘۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہسر میں اہم اجلاس

دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے زیرصدارت دھوراجی رنگون والا ہال میں پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں انہوں نے سیکیورٹی پر مامور ہونے والے تمام جوانوں کو بریفنگ دی۔

غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے 4500 جوان و افسران پی ایس ایل میں سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے اور سیکیورٹی پر تعینات جوان اور افسران براہ راست ایس ایس پی ایسٹ کے ماتحت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: علی ترین پی ایس ایل کی ’چھٹی ٹیم‘ خریدنے کے خواہاں

انہوں نے بتایا کہ 50 موٹر سائیکلوں پر مشتمل اسپیشل موٹرسائیکل اسکواڈ اسٹیڈیم اور اطراف میں گشت بھی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’100 اہلکار اسپیشل موٹر سائیکل اسکواڈ کا حصہ ہوں اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکار سی سی ٹی وی کے ذریعے مانیٹرنگ کریں گے‘۔

غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی جانب سے تین مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔