خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ
آج دنیا بھر میں خواتین یہ بات ثابت کررہی ہیں کہ کئی دشواریوں اور مسائل کے باوجود وہ مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
تاریخ میں ایسی کئی خواتین موجود ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں اپنا اور ملک کا نام روشن کیا۔
پاکستان کی بات کی جائے تو مردم شماری میں سامنے آنے والے اعداد وشمار کے مطابق یہاں مردوں کی تعداد خواتین سے زیادہ ہے، اس کے باوجود ایسا کوئی شعبہ نہیں جہاں خواتین مردوں سے پیچھے ہوں۔
وہ شعبے جن کا حصہ صرف مرد بنتے تھے اور عورتوں کو ان سے دور رکھا جاتا تھا، آج ان میں بھی خواتین بھر پور انداز میں اپنے جوہر دکھا رہی ہیں۔
2017 میں پاکستان میں مردم شماری ہوئی تھی، اس ملک بھر سے جمع کیے گئے اعداد وشمار میں کئی حقائق آشکار آئے تاہم یہ بھی سامنے آیا کہ مردوں کی تعداد 51.24 فیصد جبکہ خواتین کی 48.76 فیصد ہیں۔
پاکستان میں 154 اضلاع ہیں، جن میں 17 اضلاع ایسے ہیں جہاں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے۔
ان اضلاع میں سے اکثر خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہیں۔
اضلاع کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں 36، اس کے رقبے کے لحاظ سے بڑے صوبے بلوچستان میں 32، سندھ میں 29، خیبر پختونخوا میں 25 جبکہ اسلام آباد ایک ضلع ہے
وفاق کے زیر انتظام فاٹا میں 7 قبائلی ایجنسیاں اور 6 سرحدی علاقے تھے جو اب خیبر پختونخوا میں ضم ہو گئے ہیں، اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر میں 10 جبکہ گلگت بلتستان میں بھی 10 اضلاع موجود ہیں۔
خیبر پختونخوا
ہری پور
ضلع ہری پور سے تعلق رکھنے والی خواتین کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ پھلکاری کے کام میں مہارت رکھتی ہیں جبکہ اپنے اس ہنر کا استعمال کرتے ہوئے گھروں کی کفالت بھی کر رہی ہیں، پھلکاری ایک طرح کی کڑھائی ہوتی ہے جو دوپٹوں پر دستی کی جاتی ہے۔
اس ضلع میں خواتین کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے، شہری علاقے میں مرد جبکہ دیہی علاقے میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔
مانسہرہ
مانسہرہ کی خواتین ہنرمند ہونے کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی کافی آگے آگے ہیں، گزشتہ سال اس ضلع سے تعلق رکھنے والی کئی خواتین نے انتخابات میں بھی حصہ لیا۔