سپریم کورٹ: نوازشریف کی درخواست ضمانت پر جلد سماعت کی اپیل مسترد
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 25 فروری کو دیے گئے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر جلد سماعت کی استدعا مسترد کردی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے العزیزیہ کرپشن کیس میں سزا کے خلاف طبی بنیادوں پر ضمانت دینے کی درخواست کی تھی، جو 25 فروری کو مسترد کردی گئی تھی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نوازشریف کی جانب سے ان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں عدالت عظمیٰ سے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی دی گئی 7 برس قید کی سزا ختم کرتے ہوئے ضمانت کی استدعا کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ضمانت مسترد ہونے پر نواز شریف نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
عدالت عظمیٰ میں یہ اپیل دائر کرنے کے ساتھ ہی ایک علیحدہ درخواست بھی جمع کروائی گئی تھی جس میں اس کی 6 مارچ کو جلد سماعت کی گزارش تھی۔
تاہم سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے جلد سماعت کی درخواست یہ کہتے ہوئے واپس کردی کہ اس معاملے کو خصوصی توجہ نہیں دی جاسکتی اور کارروائی معمول کے مطابق ہی کی جائے گی۔